ضلعی انتظامیہ سیالکوٹ کا گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 22 گراں فروش گرفتار
ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ سیالکوٹ نے ضلع بھر میں گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 22 گراں فروشوں کو گرفتار، 30 دکانیں سربمہر اور 2 ناجائز منافع خوروں پر پرائس ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرا دئیے۔ پیر کو پرائس مجسٹریٹس کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 45 پرائس مجسٹریٹس نے گزشتہ 4 روز کے دوران مجموعی طور پر 16 ہزار 508 جی پی ایس بیس اینڈرائڈ ایپس انسپکشن کنڈیکٹ کیں جس کے دوران 408 گراں فروشوں کو مجموعی طور پر 18 لاکھ 22 ہزار روپے جرمانے کئے۔ انہوں نے کہا کہ انسپکشن کے دوران 1838 دکانداروں نے پرائس لسٹ آویزاں نہ کی ہوئی تھی، اس دوران 1284 اوور چارجنگ اور 984 دیگر خلاف ورزیوں کے مرتکب پائے گئے۔ پرائس مجسٹریٹس نے 3390 دکانداروں کو وارننگ بھی جاری کی۔ ڈپٹی کمشنر نے پرائس مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ دکانوں میں پرائس لسٹ واضح جگہ آویزاں کروائیں اور اپنی حدود میں روزانہ کی بنیاد پر چھاپے مار کر پرائسسز چیک کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے صارفین سے اپیل کی کہ وہ مقررہ داموں پر اشیائے خورد و نوش کی خریداری کریں اور گراں فروشی، معیار اور مقدار کی بابت اپنی شکایات قیمت ایپ پر درج کریں جس کا ازالہ کیا جائے گا۔