چیئرپرسن چیف منسٹر ٹاسک فورس برائے جیل خانہ جات پنجاب رانا منان خان کا ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ کا دورہ
چیئرپرسن چیف منسٹر ٹاسک فورس برائے جیل خانہ جات پنجاب رانا منان خان نے ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ کا دورہ کیا اور قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ پیر کو دورہ کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ایوب بخاری، جیل سپرنٹینڈنٹ ملک بابر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رانا منان خان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق جیلوں میں سیکیورٹی سمیت انتظامی امور اور سہولیات کو بہتر بنایا جا رہا ہے اور جیل میں کی جانے والی اصطلاحات کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے قیدیوں سے ملنے والی سہولیات کے بابت استفسار کیا اور ان کی جائز شکایات کے ازالہ کیلئے جیل حکام کو ہدایات جاری کیں۔ چیئرمین سی ایم ٹاسک فورس نے جیل میں قیدیوں کیلئے تیار کئے جانے والے کھانے کو کھا کر چیک کیا اور جیل ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور طبی سہولیات کی بابت ان سے استفسار کیا۔